بدھ 28 جنوری 2026 - 20:21
مسلمان حکمران وقتی مفادات چھوڑیں، استعماری سازشوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں: مولانا رضوان السلام خان

حوزہ/ مغربی بنگال کے معروف مبلغ اور اسلامی اسکالر مولانا ڈاکٹر رضوان السلام خان نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری دباؤ اور محاصرے کی کوششوں کو صرف ایک ملک تک محدود سمجھنا خطرناک خوش فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ایران نشانے پر ہے تو کل دیگر مسلم ممالک بھی عالمی سازشوں کی زد میں آ سکتے ہیں، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم دنیا باہمی اختلافات کو ترک کر کے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے استعماری عزائم کا مقابلہ کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کولکتہ/ مغربی بنگال کے فعال مبلغ اور اسلامک اسکالر مولانا ڈاکٹر رضوان السلام خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ترکی، سعودی عرب، پاکستان، مصر اور خلیجی ممالک یہ خوش فہمی نہ پالیں کہ اگر آج ایران کو نشانہ بنایا گیا ہے یا اسے محاصرے میں لینے کی کوشش کی جا رہی ہے تو یہ معاملہ یہیں ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خدا کی قسم، اگر آج نہیں تو کل دیگر ممالک کی باری بھی آ سکتی ہے اور کوئی بھی ملک عالمی سازشوں سے خود کو محفوظ نہیں رکھ سکے گا۔

مولانا ڈاکٹر رضوان السلام خان نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مسلم دنیا ہوش کے ناخن لے اور باہمی اختلافات، مسلکی و سیاسی نزاعات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہو جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا دراصل پوری امتِ مسلمہ اور دنیا کے تمام آزاد انسانوں کی آزادی، عزت اور مستقبل کے دفاع کے مترادف ہے۔

انہوں نے مسلم حکمرانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ وقتی مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں اور استعماری قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں، کیونکہ انتشار اور خاموشی دشمن کے مقاصد کو مزید تقویت دیتی ہے۔


لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha